کینیڈا کے شہر فورٹ مک مرے کے جنگل میں لگنے والی آگ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے شہر سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
اب تک کی موصولہ اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کی لپیٹ میں آ کر 1600 عمارتیں تباہ ہو گئیں اور تاحال آگ پر قابو پانے کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی لیکن اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
88 ہزار افراد کی اس شہر
سے نقل مکانی کو صوبہ البرٹا کی تاریخ کی سب سے بڑی نقل مکانی قرار دیا جا رہا ہے۔
جنگل میں یہ آگ اتوار کو لگی تھی جس نے بدھ تک 24710 ایکڑ پر محیط جنگل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حکام کی طرف سے کہا جا رہا تھا کہ منگل تک اس آگ پر قابو پا لیا جائے گا لیکن تیز ہوا نے ان ارادوں کو ناکام بنا دیا۔
اس وقت آگ بجھانے والے لگ بھگ 250 کارکنان مصروف عمل ہیں لیکن شدید درجہ حرارت اور تیز ہواؤں کے باعث ان کی کوششیں کارگر ثابت نہیں ہو رہیں۔